گلبرگہ6؍جون( اعتماد نیوز): کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور کو ریاست کی سیاست سے علیحدہ کرنے اور اُنہیں قومی سیاست میں بھیجنے کی چیف منسٹر سدرامیا اور اُن کے حامیوں کی کوششوں کو زبردست دھکہ پہنچا ہے ۔کانگریس اعلیٰ کمان نے ڈاکٹر پرمیشور کو راجیہ سبھا بھیجنے کی چیف منسٹر سدرامیا کی تجویز کو سختی کے ساتھ مسترد کر دیا ہے جس کے ساتھ ہی ڈاکٹر پرمیشور کے ڈپٹی چیف منسٹر بننے کا راستہ صاف ہوگیا ہے ۔ کانگریس اعلیٰ
کمان نے ڈاکٹر پرمیشور کو کرناٹک قانون ساز کونسل کے انتخاب کے لئے پارٹی اُمیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کرناٹک قانون ساز کونسل کے رکن نامزد ہونے کے بعد ڈاکٹر پرمیشور کو ڈپٹی چیف منسٹر بنانے کا مطالبہ زور پکڑ سکتا ہے ، چیف منسٹر سدرامیا جو پرمیشور کو ڈپٹی چیف منسٹر بنانے کے حق میں نہیں ہیں کیلئے یہ مطالبہ بادل نخواستہ قبول کرنے پر مجبور ہونا پڑیگا۔ مجموعی طور پر آنے والوں دنوں میں کانگریس حکومت کے اندر داخلی خلفشار پیدا ہونے کے امکانات نظر آرہے ہیں ۔